ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو: پولیس سب انسپکٹر بھرتی معاملہ میں گڑبڑی - سی آئی ڈی کو سونپی گئی تحقیقات 

بنگلورو: پولیس سب انسپکٹر بھرتی معاملہ میں گڑبڑی - سی آئی ڈی کو سونپی گئی تحقیقات 

Mon, 11 Apr 2022 13:00:05    S.O. News Service

بنگلورو ،11؍ اپریل (ایس او نیوز) ہوم منسٹر جیانیندرا ارگا  کے بیان کے مطابق 545 پولیس سب انسپکٹروں کی تقرری عمل میں آئی ہے جس کی عبوری فہرست جاری کی گئی ہے، مگر اب اس تقرری کے لئے منعقدہ امتحان کے دوران بڑے پیمانے پر گڑبڑی ہونے کا الزام سامنے آیا ہے ۔ اس لئے اس معاملہ کی تحقیقات سی آئی ڈی کے حوالے کی گئی ہے ۔
    
انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں کلبرگی کے چوک پولیس اسٹیشن میں اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ شبہ ہے کہ کلبرگی کے گیان جیوتی ہائی اسکول میں جو امتحانی سینٹر تھا وہاں پر گڑبڑی ہوئی ہے ۔ اس تعلق سے وزیر اعلیٰ کے ساتھ بات چیت کے بعد معاملہ سی آئی ڈی کو سونپا گیا ہے ۔ جس کے بعد سی آئی ڈی کی ایک ٹیم کلبرگی پہنچ گئی ہے ۔
    
وزیر داخلہ نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ویریش نامی ایک امیدوار کی او ایم آر شیٹ میں اسے 11 مارکس دکھائے گئے  ہیں جبکہ جانچ کی گئی اصل کاپی میں اسے 101 مارکس ملے ہیں ۔ اس معاملہ میں متعلقہ افراد کو تحویل میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے ۔ جو طلبہ بڑی محنت سے امتحان کی پڑھائی اور تیاری کرتے ہیں ان کے ساتھ  ناانصافی نہیں ہونی چاہیے ۔ اسی مقصد سے امتحان میں گڑبڑی کے الزام کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ اور یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ اس کے معاملہ میں کون کون شامل ہے ۔
    
انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ سب انسپکٹروں کی بھرتی کے امتحان میں 52 ہزار امیدوار شریک ہوئے تھے جن میں سے 545 کی تقرری عمل میں آئی ہے ۔ امتحان میں گڑبڑی کا ثبوت  7 اپریل کو ہاتھ لگا تھا اس کے فوراً بعد ہم نے تحقیقات کے لئے یہ معاملہ سی آئی ڈی کے حوالے کیا ۔


Share: